مظفرآباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سحری کے وقت ہونے والی شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث سردی واپس لوٹ آئی۔ بارش کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد بنا دیا جبکہ مختلف علاقوں میں ژالہ باری کے نتیجے میں سڑکیں اور کھلی جگہیں سفید چادر میں ڈھک گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے۔ پیشگوئی کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے روز ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔ اتوار سے موسم جزوی طور پر صاف ہونے کا امکان ہے لیکن صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہے گی۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر عوام کو محکمہ موسمیات کی تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھنے اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔