وادی لیپہ کے عوام نے انتشاری کمیٹی کو مسترد کر دیا، پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں شاندار مظاہرہ

وادی لیپہ کے غیور عوام نے کالعدم آزادکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاجی اور انتشاری بیانیے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مملکتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں زبردست مظاہرہ کیا ہے۔

لیپہ ویلی کے باشعور شہریوں نے ملک خداداد پاکستان اور سکیورٹی اداروں سے محبت کے اظہار کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی، جس میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق وادی لیپہ میں اس وقت تمام بازار مکمل طور پر کھلے ہیں اور مارکیٹوں کی رونقیں پوری طرح بحال ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہاں کے عوام نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی ہڑتال اور احتجاجی بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پوری فضاء پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم کے عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا بیانیہ مسترد کر دیا، افواجِ پاکستان کے حق میں زندہ باد ریلی

ہمارا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے، مقامی رہنما:

ریلی کے شرکاء اور مقامی رہنماؤں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ وادی لیپہ کے عوام کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے اور ہماری بقا، سلامتی اور مستقبل صرف اور صرف پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی اور اندرونی سازشی عناصر خطے کے امن و امان کو خراب کرنے اور مقامی عوام کو ریاست اور سکیورٹی اداروں کے خلاف اکسانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں جنہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ وادی لیپہ کے باشعور عوام ایسے کسی بھی منفی پروپیگنڈے اور ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ عوام نے واضح کیا کہ انتشاری کمیٹی کا بیانیہ خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی ایک سازش ہے، جسے لیپہ کے حب الوطن شہریوں نے اپنی یکجہتی سے ناکام بنا دیا ہے۔

افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سلام:

مقررین نے اپنے خطاب میں افواجِ پاکستان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ لائن آف کنٹرول (LOC) پر کشمیری عوام کے تحفظ، بقا اور دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں کشمیری عوام کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ ان قربانیوں کی بدولت ہی خطے کا امن قائم ہے۔

مزید پڑھیں: ڈیٹا ہیکنگ کے دعوے مسترد، کوئی ڈیٹا چوری نہیں ہوا: ترجمان نادرا

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لیپہ اور کشمیر کے عوام اپنی افواج اور ریاست کے شانہ بشانہ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔ یہ ریلی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی ہر سازش وادی لیپہ کے عوام کی حب الوطنی کے سامنے بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔