وادی لیپہ میں شدید برفباری اور بارش کے بعد ریشیاں-لیپہ روڈ کئی مقامات پر گلیشیئر گرنے کے باعث بند ہو گئی، جس کے نتیجے میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری تو رک چکی ہےمگر نصف شب کے بعد متعدد مقامات پر برفانی تودے گرنے سے راستہ بلاک ہو گیا جس کی وجہ سے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
انتظامیہ نے سڑک کو کلیئر کرنے کے لیے صبح 8 بجے سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ مختلف مقامات پر بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے جس کے مطابق ریشیاں سے لیپہ کی جانب ویل لوڈر کام میں مصروف ہے جبکہ میاں والا متھہ کلومیٹر نمبر 10سے مڈوے تک چین ڈوزر کے ذریعے برف ہٹانے کا عمل جاری ہے اس کے علاوہ مڈوے سے لیپہ کی طرف چین ایکسکویٹر کے زریعے کام جاری ہے۔
محکمہ شاہرات کے مطابق روڈ کی جلد از جلد بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ راستہ جلد کھولا جائے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی بہتری تک انتظار کریں۔