منگلا ڈیم ، پانی کی سطح ڈیڈلیول کے قریب پہنچ گئی،بجلی بحران کا خدشہ

 میرپور ( محمد اعظم )منگلا ڈیم میں پانی کی مسلسل کمی کے ساتھ پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے قریب صرف 30 فٹ گنجائش باقی رہ گئی،آنے والے دنوں میں بجلی کے شدید بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دوسرے بڑے آبی ذخیرہ منگلا ڈیم میںپانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہو کر 1080فٹ تک پہنچ گئی جوکہ ڈیڈلیول سے صرف 30فٹ زیادہ ہے۔

واپڈاحکام کے مطابق منگلا ڈیم کا ڈیڈلیول 1050فٹ ہے جبکہ گنجائش 1242فٹ ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میںخطرناک حد تک کمی ہو رہی ہے جبکہ اخراج دو گناز یادہ ہے۔

گزشتہ روز کے اعدادوشمار کے مطابق منگلا ڈیم میں 14ہزار593کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی جبکہ پانی کا اخراج 28ہزار کیوسک سے زیادہ رہا ہے۔

آبی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر پانی کی آمد اور اخراج اسی طرح رہا تو کچھ ہفتوں میں منگلا ڈیم ڈیڈ لیول تک جاسکتا ہے جس سے بجلی کا بحران پیدا ہوگا جبکہ زراعت بھی متاثر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹاسک فورس کا ایکشن، ٹیکس چوری پر میرپور میں مشہور برانڈکی2 آؤٹ لیٹس سیل

 

Scroll to Top