ایران امریکا معاہدہ پاکستان کیلئے اعزاز، قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل نے شب و روز انتھک محنت کی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی قربانیاں اور عوام کی حمایت ملک کی طاقت ہیں، جبکہ پاکستان عالمی برادری میں امن کے داعی کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور پاک بحریہ کا معرکہ حق میں شاندار کردار رہا ہے۔ پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر کراچی میں 125 ویں مڈ شپ مین اور 33 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاس ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔

کراچی میں نیول اکیڈمی آمد پر وزیرِ اعظم کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا، جبکہ تقریب میں اعلیٰ عسکری حکام، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، معززین اور کمیشن حاصل کرنے والے افسران کے والدین نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں امن اور تعاون کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، پاکستان امن، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کیساتھ دوستی بے مثال،شہبازشریف،ایران،پاکستان یکجان دوقالب،پزشکیان

ایران امریکا معاہدہ اور فیلڈ مارشل کا کردار:

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور قیام امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شب و روز انتھک محنت کی، جس کی بدولت پاکستان آج دنیا میں پیس میکر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ایران کے مضبوط برادرانہ تعلقات کا مظہر ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف بھی ہے، جبکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں ایران سمیت دوست ممالک کی حمایت حاصل رہی جس پر بطور ثالث دستخط کیے۔

اندرونی و بیرونی چیلنجز اور دہشت گردی:

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے ملکی سلامتی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرانے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اور پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی طور پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک میں مسلسل بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں، جبکہ انہوں نے پاک بحریہ کی تربیت اور پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی ملک کے لیے بہترین افسران تیار کر رہی ہے جو مستقبل میں ملکی دفاع اور سلامتی میں اہم کردار ادا کریں گے اور ان کی کامیابیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔

مڈشپ مین اور کیڈٹس میں انعامات کی تقسیم:

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے، جہاں مڈ شپ مین عمر مختار کو مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی جبکہ اکیڈمی ڈرک مڈ شپ مین ہادی عباس خان کو دی گئی۔ اسی طرح آفیسر کیڈٹ حافظ محمد احمد منور کو چیف آف ڈیفنس فورسز گولڈ میڈل دیا گیا، اور شارٹ سروس کمیشن کورس کی آفیسر کیڈٹ الویرا حمزہ کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج صبح کراچی پہنچے جہاں سندھ کے گورنر نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان عالمی امن کیلئے ہر مثبت عمل کا حصہ بننے کو تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف