میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)میرپورآزادکشمیر میں گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن چیئرمین سی بی آر چوہدری رقیب کی کاوشیں،آزادکشمیر میں موٹر ویکل آن لائن رجسٹریشن سسٹم شروع کرنے کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں۔
ڈپٹی کمشنر ایکسائز میرپور سرکل علی اصغر بخاری آن لائن ڈیٹا سینٹر اور ڈیٹا بیس سسٹم کی بریفنگ لینے کیلئے ارفع کریم ٹاور میں قائم پنجاب آئی ٹی بورڈ ہیڈ کوارٹر لاہور پہنچ گئے۔
پراجیکٹ انچارج پنجاب آئی ٹی بورڈ نے ڈپٹی کمشنر ایکسائز میرپور سرکل علی اصغر بخاری کو گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس اور پے منٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ بعد ازاں انہیں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے دیٹا سنٹر کا دورہ کرایا اور گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس ڈیٹا سیکورٹی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
سنٹرل بورڈ آف ریونیو آزادکشمیر کی ہدایات پر محکمہ ان لینڈ ریونیو حکام آزادکشمیر میں بھی گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کو آن لائن کرنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں جس کے لانچ ہونے کے بعد آزادکشمیر میں گاڑیوں کے مالکان گھر بیٹھے ہی اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی آن لائن طریقے سے کرسکیں گے۔
گزشتہ ہفتے پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ایک وفد نے کمشنر ان لینڈ ریونیو ساوتھ سید عنصر علی سے گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن کے حوالے سے کشمیر ہاوس میں بھی ملاقات کی تھی جبکہ پنجاب آئی ٹی بورڈ کا ایک وفد اب جلد میرپور میں محکمہ ان لینڈ ریونیو سرکل کا وزٹ کرے گا اور مستقبل کے اس جدید ترین منصوبے کیلئے محکمہ ان لینڈ ریونیو کے انتظامات کا جائزہ لے گا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی ہدایات پر سنٹرل بورڈ آف ریونیو اور محکمہ ان لینڈ ریونیو نے آزادکشمیر میں ٹیکس کے نظام کو آن لائن کرنے سمیت ٹیکس ریونیو بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھا رکھے ہیں
حال میں برانڈزپر پی او ایس سسٹم کی تنصیب کے علاوہ بڑی صنعتوں کے مالکان کو ڈبل ٹیکس کی ادائیگی سے بچانے کیلئے ایف بی آر سے ڈیٹا انٹیگریشن سسٹم کا معاہدہ اور سیلز ٹیکس کی ریٹرن بھی آن لائن کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ پی او ایس سسٹم کے لیے آن لائن ایپ بھی جلد لانچ کردی جائے گی۔
70سالوں سے جنھیں ہم حکمران سمجھ رہے تھے، وہ دراصل ڈیلر تھے: سید مشرف گیلانی