سانحہ دودھ گئی: پاک فوج کا لواحقین سے اظہار ہمدردی، عسکری قیادت دکھ میں برابر کی شریک

مظفرآباد:سانحہ دودھ گئی پر پاک فوج نے لواحقین اور عوام سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھلوائی کے رہائشی نوجوان قدرتی آفت کی زد میں آکر شہید ہوگئے ہیں جس پر پوری قوم غمزدہ ہے اور عسکری قیادت بھی اس دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے دکھ بانٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے جبکہ “دفاع فرسٹ، ڈویلپمنٹ سیکنڈ” کے تناظر میں قوم کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اللہ رب العزت شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

اس موقع پر پاک فوج کے برگیڈیئر محمد عمران ارشد چیمہ، کمانڈنگ آفیسر گریس کے ہمراہ سانحہ دودھ گئی کے متاثرہ خاندانوں کے پاس گئے اور پھلوائی کے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے شہدائے سانحہ دودھ گئی کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی۔

مزید برآں لواحقین نے پاک فوج کی سرحدی خدمات اور ہم وطنوں کیساتھ لگاؤپرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ مقامی عسکری حکام کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں پاک فوج کا عوام کے ساتھ کھڑے رہنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ ادارہ نہ صرف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہا ہے بلکہ ہر آزمائش میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اسی دوران لواحقین نے پاک فوج کے جذبۂ خدمت کو سلام پیش کرتے ہوئے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل میں یہ ہمارے محافظ نہ صرف دفاعی محاذ پر بلکہ انسانی ہمدردی کے ہر پہلو میں عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اللہ رب العزت شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔

Scroll to Top