لیپہ :وادی لیپہ میں بازاروں کے حالات پر تاجران تو مطمئن دکھائی دے رہے ہیں جبکہ عوام مہنگائی سے شدید پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے ان کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
مہنگائی کے ستائے شہریوں نے انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نرخوں میں بے تحاشہ اضافے کو روکا جائے اور ذمہ دار تاجروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور حکومت کو اس مسئلے کا نوٹس لینا چاہیے۔
ایک شہری نے شکایت کرتے ہوئے کہا، “مہنگائی بہت زیادہ ہو گئی ہے، ہم روزانہ 500، 600 یا 1000 روپے دیہاڑی لگاتے ہیں لیکن چیزوں کی قیمتیں اس حد تک بڑھ چکی ہیں کہ گزارا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ رمضان سے پہلے اشیاء کے نرخ کچھ اور ہوتے ہیں اور رمضان میں کچھ اور۔ مثال کے طور پر اگر رمضان سے پہلے مرغی 400 روپے فی کلو ہے تو رمضان میں وہی 800 روپے فی کلو ہو جاتی ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ اس حوالے سے اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔”
دوسری جانب، تاجران کا کہنا ہے کہ وہ انتظامیہ کی مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق اشیاء فروخت کر رہے ہیں اور ان پر مہنگائی کا الزام درست نہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار خریداروں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مارکیٹ میں استحکام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لیپہ میں اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے سلائی کے نئے نرخ مقرر، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ
عوامی مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں نے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔