بیس ماہ میں ایسےکام کیے جن کی ریاست کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، چوہدری انوار الحق 

اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل ) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہےکہ تمام محکموں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے جس کا مقصد عام آدمی کی فلاح وبہبود ہے ۔
ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار پسماندہ علاقوں تک پھیلا دیا گیا ہے تاکہ ریاست کے ایسے حصوں کو ترقی دی جا سکے جو اس عمل میں شامل نہیں ہو سکے ہیں ۔لوگوں کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں ہونے والے ترقیاتی عمل پر نظر رکھیں اور ترقیاتی کام کی نگرانی کریں جہاں کہیں خرابی نظر آئے اس سے فوری آگاہ کریں تاکہ بروقت ایکشن لیا جا سکے ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور ،چوہدری اظہر صادق اور چوہدری قاسم مجید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔

 یہ بھی پڑھیں ۔۔کشمیری خواتین بھارتی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہیں، وزیراعظم انوارالحق

انہوں نے کہا کہ وزراء اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی عمل کی نگرانی کریں اور ایک ایسا لائحہ عمل ترتیب دیں تاکہ سرکاری پیسے کا ضیاع نہ ہو ، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خاص توجہ دی جائے آزادکشمیر بھر میں بائیو میٹرک کے نفاذ سے ملازمین کی حاضریوں کے نظام میں بہت بہتری آئی ہے اس عمل کو جاری رکھیں گے کیونکہ اس میں لوگوں کا فا ئدہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 20 ماہ میں ایسے ایسے کام کیے ہیں جس کی نظیر ریاست کی تاریخ میں نہیں ملتی ،10 ارب کی لاگت سے سوشل پروٹیکشن فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا جس سے نادار طبقے کو فا ئدہ ہو گا ،تاریخی ہیلتھ پیکج دیا گیا جس سے ریاست بھر میں لوگوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں میسر آئیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ جلد تاریخی تعلیمی پیکج بھی دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے احتساب کا عمل اپنی ذات سے شروع کیا ہے ،میں عوام کے سامنے جوابدہ ہوں اس لئے تمام سرکاری ملازم جو عوام کے ٹیکس کے پیسے سے تنخواہ اور مراعات لیتے ہیں لوگوں کے سامنے جواب دہ ہیں ۔

Scroll to Top