مظفرآباد میں رمضان کا دسترخوان :محبت، سخاوت اور یکجہتی کی روشن مثال

مظفرآباد: رمضان المبارک کی برکتیں ہر سو پھیلی ہوئی ہیں جہاں افطاری کے لمحات سینکڑوں دلوں کو جوڑ دیتے ہیں۔ مظفرآباد کے چھتر چوک سمیت مختلف علاقوں میں روزانہ رنگ برنگے افطاری دسترخوان سجائے جاتے ہیں جو نہ صرف بھوک اور پیاس مٹانے کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ سخاوت، محبت اور یکجہتی کی خوبصورت علامت بھی ہیں۔

مہنگائی کے اس دور میں بھی مظفرآباد کے مخیر حضرات اور سماجی کارکنان دل کھول کر خدمت میں مصروف ہیں۔ خاص طور پرمظفر آباد کے چھتر چوک میں گزشتہ چار سالوں سے شاہد زمان اعوان اور ان کے ساتھیوں کی محنت سے روزانہ 250 سے 300 روزہ داروں کے لیے وسیع افطاری کا انتظام کیا جاتا ہے جس میں کھجور، شربت، سموسے اور مختلف مزیدار پکوان شامل ہوتے ہیں۔ یہ دسترخوان صرف کھانے کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک روایت، ایک جذباتی وابستگی اور اجتماعی خوشیوں کی عکاسی بھی ہے۔اس دسترخوان سے مزدور، مسافر اور روزے دار جو افطار کے وقت اپنے گھروں تک نہیں پہنچ پاتے، مستفید ہوتے ہیں۔

یہ خوبصورت منظر صرف گھروں اور مساجد تک محدود نہیں ہے بلکہ سڑکوں پر بھی ایسے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں اجنبی ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر روزہ افطار کرتے ہیں اور محبت و اخوت کے رشتے مزید مضبوط ہوتے ہیں۔

یہ سب کچھ اس بات کا ثبوت ہے کہ رمضان صرف عبادت کا مہینہ نہیں بلکہ دوسروں کی بھوک مٹانے، محبت بانٹنے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا بہترین موقع بھی ہے۔

Scroll to Top