مظفر آباد (شجاعت میر، کشمیر ڈیجیٹل ) جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیاگیا ہے اعلامیہ کے مطابق ایکشن کمیٹی نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی ایسے ممبران اسمبلی کے ساتھ نہیں بیٹھے گی جو براہ راہ راست آزاد کشمیر سے منتخب نہ ہوئے ہوں۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے ممبران کی مراعات میں اضافے کی تحریک کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کوخبردار کیا ہے کہ حکومت پہلے سے موجود مراعات ختم کرے،جب آئین بھی عبوری، اسمبلی بھی عبوری تو ان بھاری بھر کم مراعات کا کوئی جواز نہیں ، حکومت نے مراعات میں اضافہ کیا توبھر پور مزاحمت کرینگے۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے پولیس اور انتظامیہ کے رویہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس سے لوگوں کی جان و مال کو خطرہ ہے یہ اشرافیہ کے ہاتھوں بدمعاشی کا ہتھیاربن چکے ہیں ،حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ پولیس کو عوام کیخلاف استعمال نہ کریں ۔
میر پور خاتون ہراسگی واقعہ، بلوچ خاتون ہراسگی واقعہ ، مظفر آباد طلبا تشدد کی مثالیں کافی ہیں ،حکومت نے رویہ ترک نہ کیا تو بھر پور رد عمل دینگے۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں واضع کیا کہ فوڈ ٹیسٹنگ لیب کیلئے انجمن تحفظ حقوق صارفین نے عدالتوں میں رٹ دائر کررکھی تھی لیکن حکومت نے موبائل لیب منگوائیں ، موبائل لیب کی ٹیسٹنگ کی صلاحیت ناکافی ہے، لیبارٹریز بنائی جائیں اور پہلا ٹیسٹ آٹے کاکیا جائے سب سے پہلے بڑے مافیاز کو بے نقاب کیا جائے ۔
ایکشن کمیٹی ملاوٹ شدہ اشیا بیچنے والوں کی کسی صورت حمایت نہیں کرتی لیکن کسی بھی تاجر کو ناجائز تنگ کرنے کی کوشش ہوئی تو مزاحمت ہوگی ۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی ایکٹ پر عملدرآمد ہونا چاہیے عدالتی فیصلے کے بعد بلدیاتی اداروں کیلئے نئی قانون سازی کی کوشش ہوئی تو ایسے قانون کا وہی انجام ہوگا جو صدارتی آرڈیننس کا ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایکشن کمیٹی ریاست بھر میں جبری لوڈشیڈنگ کومسترد کرتے ہوئے مطالبہ کر تی ہے کہ بلا تخصیص بجلی دی جائے بوسیدہ لائنیں ٹھیک کی جائیں ٹرانسفارمر ٹھیک، بجلی چوری روکی جائے ۔ایکشن کمیٹی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے این ٹی ایس میں کامیاب امیدواروں کیلئے 2017 کی پالیسی بحال کی جائے۔
ایکشن کمیٹی حکومت کو خبر دار کرتی ہے کہ ناقص آٹے کی سپلائی روکی جائے۔
۔یہ بھی پڑھیں ۔ایکشن کمیٹی یونیورسٹی طلبہ کیساتھ کھڑی ہوگئی، حکومت کو دھمکی بھی دیدی
ایکشن کمیٹی ٹورازم ایکٹ 2021 کو مسترد ،گرین ٹورازم پر پابندی کا مطالبہ کرتی ہے۔
ایم پی او کے قانون کو انسانی حقوق پر بدنما دھبہ سمجھتے ہیں یہ انگریز کا بنایا ہوا کالا قانون ہے، آئین سے بھی متصادم ہے اس قانون کے تحت مجتبی بانڈے کی گرفتاری کی مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مجتبی بانڈے کو فی الفور رہا کیا جائے۔
ایم پی او کے کالے قانون کو ختم کیا جائے بصور ت دیگر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں
پی ٹی اے کو متنبہ کرتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے انٹرنیٹ کی سروس کوبہتر کیا جائے، فائیو جی کی سہولیات دی جائے ورنہ راست اقدام اٹھانےپر مجبو رہونگے
تحریکی ساتھی وارڈ کمیٹیوں کو 10مئی تک مکمل کریں تاکہ ہماری جدوجہد مزید منظم ہوسکے ۔