وزیر دفاع

بھارت پھر شوق پورا کرلے، افواج پاکستان تیارہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اگر ’آپریشن سندور 2‘ کی تیاری کر رہا ہے تو شوق پورا کرلے، مسلح افواج پاکستان ہر قسم کی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی کا جواب مجھے پنجابی میں دینے کی خواہش ہورہی ہے، کیوں کہ پچھلی مرتبہ بھی بھارت کچھ حاصل نہیں کر سکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی آرمی چیف کی شکست پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ، سندور 2 کا اعلان

انہوں نے کہاکہ بھارت نے پچھلی بار غلطی کر کے اپنی مانگ کا سندور اجاڑا تھا، گزشتہ کارروائی کے بعد بھارت آج تک اپنی ناکامی کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ایک پراکسی جنگ افغانستان کے ذریعے لڑی جا رہی ہے تاہم اس کے نتائج اور حالات سب کے سامنے ہیں۔

وزیرِ دفاع نے کہاکہ اگر بھارت اپنا شوق پورا کرنا چاہتا ہے تو کر لے، پاکستانی افواج ہر وقت تیار ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستانی مسلح افواج گزشتہ مرتبہ کی نسبت کہیں زیادہ موثر انداز میں دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارت کو پچھلی مرتبہ جو شکست کا سامنا کرنا پڑا، شاید اس سے بھی اسے تسلی نہیں ہوئی، اس لیے وہ دوبارہ ایسی باتیں کر رہا ہے۔انشااللہ تسلی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے دورے کا اختتام، بھارت میں سفارتی پروٹوکول پر شدید تنقید

وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قومی سلامتی کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔