میرپور: کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے سرکاری ملازمین پر غیر ملکی سفارت خانوں اور ایجنسیوں سے براہ راست یا بالواسطہ روابط پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق قواعد مجریہ 1981 کے قاعدہ 34 کے تحت کوئی بھی سرکاری ملازم غیر ملکی اداروں سے مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر رابطہ نہیں کر سکے گا۔
کمشنر میرپور کی ہدایات کے مطابق کوئی بھی سرکاری ملازم کسی غیر ملکی سفارتی مشن، این جی اویا ایجنسی سے براہ راست تعلق قائم نہیں کر سکتا جب تک کہ اسے متعلقہ اتھارٹی سے تحریری اجازت نہ مل جائے۔ یہ اقدام حکومتی پالیسی اور قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی سرکاری ملازم کو غیر ملکی اداروں سے دعوت نامے، مالی معاونت یا غیر قانونی تربیتی مواقع حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کوئی ملازم اس پابندی کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔