آزاد کشمیر اسمبلی اراکین کی تنخواہوں میں پنجاب اسمبلی کے برابر اضافے کی تجویز

آزاد کشمیر اسمبلی کے سیکریٹری کمیٹی چوہدری بشارت نے اسپیکر اسمبلی، وزرا اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں کو پنجاب کے اسپیکر، وزرا اور اراکین اسمبلی کے برابر کرنے کی تجویز دی ہے۔ چوہدری بشارت نے اس تجویز میں کہا ہے کہ اس کے لیے 45 کروڑ 38 لاکھ 40 ہزار روپے کی رقم درکار ہوگی۔

ان کی تجویز میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں و الاؤنسز میں آخری مرتبہ 2014 میں اضافہ ہوا تھا جبکہ اس وقت اراکین اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 45,000 روپے تھی جو آج کے مہنگائی کے دور میں انتہائی قلیل ہے۔

چوہدری بشارت نے اپنی تجویز میں کہا ہے کہ پاکستان میں حال ہی میں قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلی پنجاب کے اراکین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا گیا ہےچونکہ آزاد کشمیر اسمبلی کی پارٹی (برابری) پنجاب اسمبلی کے ساتھ ہے، اس لیے آزاد کشمیر کے اراکین کی تنخواہیں بھی پنجاب کے اراکین کے برابر کی جانی چاہییں۔

چوہدری بشارت نے اپنی تجویز میں کہا ہے کہ پنجاب میں اراکین اسمبلی کی تنخواہ 76,000 روپے سے بڑھا کر 4 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، وزیروں کی تنخواہ 1 لاکھ  سے بڑھا کر 9 لاکھ  روپے کر دی گئی ہے جبکہ اسپیکر کی تنخواہ 1 لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر 9 لاکھ 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، مشیروں، معاونینِ خصوصی اور پارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہوں میں بھی مناسب اضافہ کیا گیا ہے۔ چوہدری بشارت نے اپنی تجویز میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی پارٹی (برابری) پنجاب اسمبلی کے ساتھ ہےلہٰذا آزاد کشمیر اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں بھی پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں کے مطابق اضافہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق یہ معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور کابینہ سے منظوری کے بعد اس معاملے کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

Scroll to Top