سردار معروف

ایس ایچ او سردار معروف کی نماز جنازہ آج بٹل، ہجیرہ میں ادا کی جائیگی

عباس پور(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے علاقے عباس پور سے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں تھانہ پولیس عباس پور کے انچارج ایس ایچ او سردار معروف دورانِ ڈیوٹی اچانک حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث وفات پا گئے ۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ معمول کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت ناساز ہو گئی ۔ ساتھی اہلکاروں نے فوری طور پر انہیں قریبی طبی مرکز منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے ۔

سردار معروف ایک فرض شناس، محنتی اور دیانتدار پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی اچانک وفات کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس سے پولیس فورس اور مقامی آبادی میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گڑھی دوپٹہ : چوہدری رشید کی شہید حوالدار عمران عباسی کی نماز جنازہ میں شرکت

ساتھی اہلکاروں اور افسران نے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنے فرائض ہمیشہ ایمانداری اور لگن کے ساتھ انجام د ئیے ۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بٹل، تحصیل ہجیرہ میں ادا کی جائے گی، جہاں ان کے اہل خانہ، دوست احباب، پولیس افسران اور بڑی تعداد میں شہری شرکت کریں گے ۔

علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔مرحوم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سردار معروف ایک بااخلاق اور نرم دل انسان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور قانون کی عملداری کے لیے وقف کر دی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کے نوجوان حکمران اعوان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

ان کی اچانک وفات نہ صرف خاندان بلکہ پوری پولیس فورس کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبرِ جمیل دے ۔