ہائی کورٹ آزاد کشمیر کا محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ میں عارضی تقرریوں پر حکم امتناعی جاری

ہائی کورٹ آزاد کشمیر نے محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ میں گریڈ 14 کی مختلف کیڈرز کی 23 آسامیوں پر ہونے والی عارضی تقرریوں کے سلیکشن پراسیس کے خلاف بڑا فیصلہ سناتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے رٹ پٹیشن کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تمام تر انتخابی عمل کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا ہے۔

ہائی کورٹ آزاد کشمیر کے قائم مقام چیف جسٹس، جسٹس سید شاہد بہار نے ہائی پروفائل مقدمے “راجہ قیصر بشیر و دیگر بنام آزاد حکومت و دیگر” کی ابتدائی اور اہم سماعت کی۔ سماعت کے دوران فاضل جج نے درخواست گزاروں کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد رٹ پٹیشن کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا۔ عدالتِ عالیہ نے اپنے عبوری حکم نامے میں متعلقہ حکام کو پابند کیا ہے کہ وہ مقدمے کی آئندہ تاریخِ سماعت تک گریڈ 14 کی ان آسامیوں پر سلیکشن کے جاری عمل کو فوری طور پر معطل رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر سروس ٹربیونل کا تاریخی فیصلہ؛ ڈپٹی کمشنر اظہر حسین پر ایک لاکھ روپے جرمانہ

عدالت میں دائر کی جانے والی یہ رٹ پٹیشن محکمہ فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ میں پہلے سے ہی عارضی اور ایڈہاک بنیادوں پر فرائض سرانجام دینے والے اوورسیئرز اور سٹینو گرافرز کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزار ملازمین کا مؤقف ہے کہ ان کی موجودگی میں نئے سلیکشن پراسیس کے ذریعے عارضی تقرریاں کرنا قانون و انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ ہائی کورٹ میں ان عارضی ملازمین اور درخواست گزاروں کی جانب سے مقدمے کی قانونی پیروی معروف قانون دان چوہدری عدنان بشیر ایڈووکیٹ کر رہے ہیں۔