مظفرآباد میں سخت دھوپ اور شدید گرمی کے بعد اچانک تیز بارش کا سلسلہ شروع!

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں کئی روز کی سخت دھوپ اور شدید گرمی کے بعد اچانک تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بارش برسنے سے جہاں موسم یکدم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے، وہی پچھلے کئی دنوں سے جاری گرمی کی شدت اور زور میں بھی واضح کمی محسوس کی جا رہی ہے جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، مظفرآباد اور گردونواح میں شروع ہونے والا بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں اور بالخصوص سیاحوں کے لیے اہم ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران مٹی کے تودے گرنے کے خدشات کے پیشِ نظر پہاڑی اور متبادل علاقوں میں انتہائی محتاط ہو کر سفر کریں۔

یہ بھی پڑھیں: تپتی دھوپ یا بارش؟آزادکشمیر میں عیدالاضحیٰ پر موسم کیسا رہے گا

محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں ملک کے دیگر بالائی علاقوں کے لیے بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر آج ابرِ رحمت برسنے کا امکان برقرار ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ مری اور گلیات میں بھی بادلوں کے ڈیرے ڈالنے کے بعد موسم خوشگوار رہنے کی امید ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوہستان، سوات، مالم جبہ، کالام اور ان کے قریبی گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے جس سے وہاں بھی درجہ حرارت نیچے آئے گا۔

مزید پڑھیں: میدانی اضلاع میں شدیدگرمی، کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

دوسری جانب، بالائی علاقوں میں موسم بدلنے کے برعکس خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم بدستور شدید گرم اور خشک رہے گا۔ اس کے علاوہ وسطی اور جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کئی اضلاع اور میدانی علاقوں میں گرمی کی شدید لہر (ہیٹ ویو) برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان میدانی علاقوں کے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر تیز دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔