سیاحوں کی سہولت کے لیے باغ پولیس متحرک؛ سفری گائیڈ لائنز، ڈیوٹی پوائنٹس اور اہلکاروں کے نمبرز جاری

باغ : عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ضلع باغ کے مشہور سیاحتی مقامات لسڈنہ، سُدھن گلی اور گنگا چوٹی آنے والے سیاحوں کی سہولت، حفاظت اور سفری رہنمائی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس باغ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک خصوصی اور جامع ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ ترجمان پولیس باغ کے مطابق، عید کے ایام میں سیاحوں کے غیر معمولی رش کے پیشِ نظر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس باغ کی جانب سے جاری کردہ پہلے روٹ پلان کے مطابق، چھتر نمبر 2 سے سیاحتی مقام لسڈنہ تک کا فاصلہ 22 کلومیٹر ہے، جس پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف اہم مقامات پر نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اس روٹ پر چھتر نمبر 2 بازار، ریڑہ بازار، ڈھلی بازار، ڈھلی کازوے، لوہار بیلہ پل، شربت ہوٹل، رفیق پیلس لسڈنہ، لسڈنہ ریسٹ ہاؤس، تولی پیر روڈ، گھوئی روڈ اور بھیڑی روڈ جیسے اہم پوائنٹس شامل ہیں۔ ان مقامات پر ٹریفک سارجنٹس عبدالسلام اور تنویر شاہ سمیت دیگر اہلکار خصوصی ٹریفک پوائنٹس پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ مالیات نے گڑھی دوپٹہ کو تحصیل کا درجہ دینے کی مالیاتی منظوری دے دی

ٹریفک پلان برائے کالج چوک تا گنگا چوٹی:

دوسرے اہم روٹ پلان کے تحت کالج چوک سے گنگا چوٹی ایریا تک کا کل فاصلہ 28 کلومیٹر بنتا ہے۔ اس طویل اور پہاڑی راستے پر سیاحوں کی رہنمائی کے لیے کالج چوک، پدر پل، مرند بازار، بنی منہاساں، بیر پانی بازار، سلائیڈنگ ایریا، چٹو موڑ، چنو موڑ، نالہ سدھن گلی پل، لوئر سدھن گلی بازار، اپر سدھن گلی بازار، بینو نظیر پیلس، چمچوئی موڑ، چنکوئی موڑ، کٹڑ یا موڑ اور گنگا چوٹی ایریا جیسے اہم مقامات پر ٹریفک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اس روٹ پر افسرانِ پولیس افراز خان، محمد اقبال خان، محمد شفیق، محمد شفیق (ٹریفک پوائنٹ)، ارشاد شاہ اور عبداللہ سمیت دیگر اہلکار تعینات رہیں گے۔

رابطہ نمبرز کا اجراء اور مانیٹرنگ کا نظام:

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جاری کردہ اس پلان کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ تمام اہم پوائنٹس پر ڈیوٹی دینے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے نام، مخصوص ڈیوٹی پوائنٹس اور آفیشل موبائل نمبرات بھی نقشے پر واضح طور پر آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ سفر کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال، گاڑی کی خرابی، حادثے یا ٹریفک جام کی صورت میں سیاح فوری طور پر مقامی اہلکار سے رابطہ کر سکیں۔ اس پورے ٹریفک پلان کے انچارج ڈی ٹی آئی باغ شفقت شاہین ہیں جبکہ فوکل پرسن کے طور پر ظہور احمد (۔0346-5447430) خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: سردار تنویر الیاس جلد جنوبی باغ کی3 یونین کونسل کیلئے 50,50لاکھ فنڈز جاری کرینگے، افتخار رشید