ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 طلائی، ایک چاندی اور 3 کانسی کے تمغے اپنے نام کرلئے۔
چین کے شہر پانزیہوا میں منعقدہ 33ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں عمدہ کھیل پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:جرمن جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ: پاکستان کی علی سسٹرز نے دوسرے راؤنڈ میں حریف کھلاڑیوں کو دھول چٹا دی
بوائز انڈر 17 کے فائنل میں پاکستان کے نعمان خان نے بھارت کے شیوان کو اگروال کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ سنسنی خیز مقابلہ 40 منٹ تک جاری رہا جس میں نعمان خان نے 1-3 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
بوائز انڈر 15 کے فائنل میں ٹاپ سیڈ احمد ریان خلیل نے ملائیشیا کے دھوران روتھی ران کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے ہرا دیا۔29 منٹ پر مشتمل اس میچ میں پاکستانی کھلاڑی نے مکمل برتری برقرار رکھتے ہوئے ایشین جونیئر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
دوسری جانب گرلز انڈر 15 کے فائنل میں پاکستان کی ماہ نور علی کو چین کی ٹاپ سیڈ زی یوان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔23 منٹ جاری رہنے والے میچ میں چینی کھلاڑی نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی، تاہم ماہ نور علی سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہیں۔
ماہ نور علی اس سے قبل گزشتہ سال گرلز انڈر 13 کیٹیگری کے فائنل میں بھی رسائی حاصل کرکے سلور میڈل اپنے نام کر چکی ہیں۔چیمپئن شپ میں پاکستان کے مجموعی طور پر 5 میڈلز رہے جن میں 2 گولڈ، ایک سلور اور 3 برانز میڈلز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ: پاکستان کے نور زمان کا فاتحانہ آغاز
بوائز انڈر 15 کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے سہیل عدنان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ محمد عمیر عارف بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کی بنیاد پر برانز میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔
ٹیم کے ہمراہ گروپ کیپٹن (ر) عرفان اصغر نے ٹیم منیجر جبکہ سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں۔



