سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر صوبے بھر میں عید کی تعطیلات کا نیا اور ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئے احکامات کے مطابق رواں سال عید پر دی جانے والی چھٹیوں کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد اب صوبے میں 4 کے بجائے صرف 3 سرکاری چھٹیاں ہوں گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر صوبے بھر میں 26، 27 اور 28 مئی کو عام تعطیل ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ان عام تعطیلات کے دوران صوبے کے تمام سرکاری دفاتر، نیم خودمختار ادارے اور صوبائی حکومت کے زیرِ انتظام چلنے والے تمام خودمختار کارپوریشنز مکمل طور پر بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور انتظامیہ کا بڑا فیصلہ: عید الاضحیٰ کے لیے قصابوں کی اجرت مقرر، نوٹیفکیشن جاری

نئے نوٹیفکیشن کے تحت عید کی چھٹیوں کا سلسلہ جمعرات 28 مئی کو ختم ہو جائے گا اور جمعہ 29 مئی کو صوبے بھر کے تمام سرکاری دفاتر معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گے، جہاں تمام ملازمین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم، صوبائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ تمام محکمے جو ضروری خدمات سرانجام دیتے ہیں، وہ عید کی ان تعطیلات کے دوران بھی بلا تعطل کام کرتے رہیں گے تاکہ عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید پڑھیں: عیدالاضحیٰ: پنجاب حکومت کا 4 چھٹیوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری