افطاری کے وقت کون سے7 مشروبات توانائی کا بہترین ذریعہ ہیں؟

اسلام آباد(ویب ڈیسک)رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے ایام جاری ہیں اور روزے کے طویل اوقات کے ساتھ ہم ایسے کھانوں اور مشروبات کو افطار میں شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو ہماری صحت کیلئے مفید ہوں۔

ہمیں ہمیشہ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ افطار اور سحری کے درمیان ہمیں جو غذائی اجزاء ملتے ہیں وہ ہمیں فائدہ پہنچائیں اور ہمیں اتنی توانائی فراہم کریں کہ ہمارے جسم کو اگلے دن روزہ رکھنے میں مدد مل سکے۔

بہت سے روزہ دار بدہضمی، قبض ، معدے اور بڑی آنت سے متعلق دیگر مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا صحت بخش خوراک اور مناسب مشروبات کا انتخاب ایک اہم ترین چیز ہے جس پر ہمیں رمضان کے مہینے میں توجہ دینی چاہیے۔

ڈاکٹروں اور غذائی ماہرین کی تجویز کے مطابق مشروبات کی کچھ اقسام ہیں جنہیں ہیلتھ ویب سائٹ بولڈسکی نے روزہ داروں کو فائدہ پہنچانے والے بہترین مشروبات میں شامل کیا ہے۔ہمیں افطاری کےدوران ان کا استعمال یقینی بنانا چاہیےفہرست میں 7 مشروبات شامل ہیں۔

1- پانی
افطاری کیلئے ایک گلاس پانی کچھ زیادہ نہیں ۔ یہ مشروبات کا بادشاہ ہے کیونکہ یہ جسم کو ہائیڈریٹ کرتا ہے اسے توانائی فراہم کرتا ہے اور ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔ لہذا یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ ایک گلاس پانی فہرست میں سب سے اوپر ہے۔

2- دودھ اور کھجور
دودھ اور کھجور ان بہترین مشروبات میں سے ایک ہے جسے ہمیں افطاری کے دوران پینا یقینی بنانا چاہیے۔ کھجور کو ایک کپ ملائی والے دودھ میں بھگو کر تقریباً 12 گھنٹے کے لیے چھوڑ سکتے ہیں۔ پھر افطاری کا آغاز اس مفید اور بھرپور مشروب سے کریں، جو ہمیں توانائی فراہم کرتا ہے اور بلڈ شوگر کی معتدل سطح کو برقرار رکھتا ہے جو عام طور پر روزے کے اوقات میں کم ہو جاتی ہے۔


3- خوبانی کا جوس
خوبانی کا جوس ایک مشہور مشروب ہے جس کا نام ماہ رمضان سے جڑا ہوا ہے۔ خوبانی فائبر اور وٹامن اے سے بھرپور ہوتی ہے۔ ان میں ریٹینول بھی ہوتا ہے جو کہ ایک ایسا مادہ ہے جو جسم سے آسانی سے جذب ہو جاتا ہے اور ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔

4- پودینہ کے ساتھ لیموں کا رس
لیموں، پانی اور پودینے کے پتوں کا مرکب بھی بہت ہی فائدہ مند مشروب ہے جسے افطاری میں پیا جا سکتا ہے۔ یہ وٹامن سی اور فائبر سے بھرپور مشروب ہے اور آپ اس مرکب میں ایک چمچ شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔ اس جوس کا ایک کپ دن بھر کے روزے کے بعد آپ کو تازگی اور توانائی دینے کے لیے کافی ہے۔

5- کیلے کا ملک شیک
کیلے پوٹاشیم، فائبر، وٹامن سی اور بی 6 سے بھرپور ہوتے ہیں آپ ایک کپ سکم دودھ کے ساتھ ملا کر اس لذیذ پھل کا ایک کپ افطاری میں پی سکتے ہیں اور یہ آپ کو اگلے دن روزہ رکھنے میں مدد دے گا۔

6- بادام کا دودھ شیک
اس مشروب کو تیار کرنے کیلئے 10 سے 12 بادام ایک کپ پانی میں رات بھر بھگو کر رکھنا ہوں گے۔ پھر بادام کو چھیل لیں۔ اس کے بعد ہم ایک کپ سکم دودھ کو بھگوئے ہوئے بادام، ایک چمچ شہد اور کچھ چھلی ہوئی الائچی کے ساتھ ملا دیں۔ پھر مکسچر کو اچھی طرح پھینٹ لیں۔ یہ مشروب غذائی فوائد سے بھرپور ہے جو آپ کو اگلے دن روزہ رکھنے کے لیے درکار توانائی فراہم کرتا ہے۔

7- ٹماٹر اور سیب کا رس
یہ مشروب وٹامنز، آئرن اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ ان مشروبات میں سے ایک ہے جو غذائیت کے ماہرین نے افطاری کیلئے تجویز کیے ہیں۔ آپ چھلے ہوئے سیب کو ٹماٹر کے ساتھ ملا سکتے ہیں، تھوڑا سا پانی، لیموں کے چند قطرے اور ایک چمچ شہد شامل کر سکتے ہیں۔ غذائیت سے بھرپور مشروب کو افطاری کیلئے بہترین خوراک سمجھا جاتا ہے۔

Scroll to Top