آزاد کشمیر بھر میں وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام میں بھی مہم کی شروعات کر دی گئی ہے جہاں ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
ڈپٹی کمشنر نیلم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر مظفرآباد میں شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گےجبکہ ضلعی سطح پر بھی اس مہم کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ درخت ماحولیاتی آلودگی کو روکنے اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں تاہم شجرکاری کے ساتھ ساتھ شجر پروری بھی نہایت ضروری ہے یعنی درخت لگانے کے بعد ان کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور درخت لگانے کے بعد ان کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنائیں۔ مزید برآں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے موزوں مقامات کا انتخاب کیا جائے گا اور اسکول کے بچوں اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کر کے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
صدر ڈسٹرکٹ بار نیلم کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم میں محکمہ جنگلات کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیڈکوارٹر میں بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں گے اور گرین بیلٹ بنائی جائے گی۔ ان کے مطابق، آئندہ ڈیڑھ ماہ کے اندر اٹھمقام کو ہریالی کی ایک مثال بنا دیا جائے گا۔
مہتمم جنگلات نے بھی شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ جنگلات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے تاکہ قدرتی ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے ساتھ ہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر صحت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے درختوں کی بے دریغ کٹائی جاری ہے جو قدرتی ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت بھی یقینی بنائیں۔
ریسکیو انچارج کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی تاکہ ان کے منفی اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔سوشل ویلفیئر آفیسر نیلم نے بھی عوام کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نیلم ویلی اپنی ہریالی کے باعث مشہور ہےاس لیے اس قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے سب کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
شجرکاری مہم کے دوران عوام کو آگاہی فراہم کرنے اور عملی طور پر اس میں شامل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ مہم کامیابی کے ساتھ جاری رہے اور آزاد کشمیر کو مزید سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔