آزادکشمیر پولیس ،60 ویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ،وزیراعظم کا ایک ارب کے پیکج کا اعلان

مظفر آباد (شجاعت میر)آزاد پولیس کے 60 ویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق، وزیر داخلہ کرنل (ر) وقار احمد نور، آئی جی رانا عبدالجبار ودیگر نے شرکت کی۔

وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوار الحق نے پولیس کی پروفیشنل استعداد کار میں اضافے کیلئے ایک ارب روپے کی خطیر رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں امن کا سہرا آزاد کشمیر پولیس اور جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن قائم رکھنے والوں کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ففتھ جنریشن وار کے ذریعے نوجوانوان میں انتشار کی کوشش میں سرگرداں ہے ، دشمن کا مقصد نوجوانوں کے اذہان میں انتشار کو فروغ دینا ہے،بھارتی افواج نے اگر مقبوضہ کشمیر میں بربریت بند نہ کی تونوجوانوان کو خونی لکیر کراس کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہم نے دلیل کی قوت سے دعوت دینی ہے لیکن اگر کوئی سلامتی کو چیلنج کریگا تو ریاست اس کاعلاج کرے گی، ہم مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری حکومت ٹیکس چوروں اور مافیاز کے خلاف سرجیکل انٹروینشن کیے ہوئے ہے ۔پولیس کی بہتری کے لیے 4 ارب روپے کی خطیر رقم درکار ہے، پہلے مرحلے میں اس سال ایک ارب روپے دیے جائیں گے۔

عیار دشمن یہاں بدامنی چاہتا ہے، دشمن کبھی بھی پاکستان کی سرحدوں کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا لیکن سیاسی انتشار پھیلا کر بدامنی کو فروغ دے سکتا ہے۔

انہوں نےکہا کہ حکومت پولیس کو نئی پوسٹوں کی اجرائیگی ، نئی عمارات اور جدید ایکویپمنٹ کے لیے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کریں گی ۔ انہوں نےکہا کہ ایک ارب روپے پولیس کی رہائشی سہولیات کی فراہمی ، ٹریننگ سکولز کی بہتری، آرمز و امیونیشن ، ٹرانسپورٹ اور ایکویپمنٹ کے لیے ہیں، یہ رقم رواں مالی سال میں فراہم کردی جائے گی۔

وزیراعظم انوارالحق نے نمایاں کارکردگی پر جوانوں کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دئیے ،ریکروٹس سے حلف بھی لیا گیا۔

اینٹی رائٹ فورس کے قیام کا وعدہ پورا کریا، اب بد امنی پھیلانے والوں کو منہ کی کھانا پڑیگی، آئی جی

انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار نے کہا کہ سکیورٹی کو درپیش نئے چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے اینٹی رائٹ فورس کے قیام کا جو ہم نے وعدہ کیا تھا الحمدللہ آج پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے۔ آج ہم فخر سے کہ سکتے ہیں کہ ترکش ماڈل پر تربیت حاصل کرنے والے یہ ریکروٹ شہریوں کو امن فراہم کرنے کیلئے اپنی جان دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

آج ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ یہ ریکروٹس ریاست کی دی گئی طاقت کا استعمال قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کریں گے اور بدامنی پھیلانے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہری سوشل میڈیا پر فساد پھیلانے والوں کی طرف کان نہ دھریں اور ریاست کی ترقی اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر رانا عبد الجبار نے پاس آوٹ ہونے والے جوانوں اور تربیت فراہم کرنے والے اساتذہ کو مبارکباد دی۔

پاسنگ آئوٹ تقریب کے اختتام پر مظاہرین کی جانب سے مختلف شکلوں میں کئے گئے احتجاج کیخلاف نبرد آزما ہونے کیلئے اینٹی رائٹ دستوں نے جدیدطریقوں پر مشتمل شاندار عملی مشقوں کا مظاہرہ کرکے شرکاء کی جانب سے داد وصول کی۔

Scroll to Top