ہٹیاں بالا :ضلع جہلم ویلی میں ضلعی انتظامیہ نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خریداری کے بعد صارفین کو بل یا رسید فراہم کریں ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ اقدام قیمتوں میں شفافیت اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سید اشفاق گیلانی نے اعلان کیا ہے کہ تمام دکانداروں کے لیے یہ حکم لازمی ہوگا تاکہ قیمتوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور صارفین کو خریداری میں کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے من مانی قیمتوں کی روک تھام میں مدد ملے گی کیونکہ بعض دکاندار اضافی رقم وصول کرتے ہیں اور رسید فراہم نہ کرنے کی وجہ سے شکایت درج کرانا مشکل ہوجاتا ہےتاہم کچھ تاجروں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کاروباری افراد کے لیے یہ عمل اضافی بوجھ ثابت ہوسکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی دکاندار بل یا رسید دینے سے انکار کرے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔