آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں میں آج موسم سورج نکلنے کے بعد مجموعی طور پر خوشگوار ہو گیا ہے۔ مسلسل بارشوں اور برفباری کے بعد کھلی دھوپ نکلنے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے تاہم ہوا میں اب بھی خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کادن کے وقت درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ رات کے وقت مظفر آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے تاہم ہوائیں چلتی رہیں گی جس کی وجہ سے موسم ٹھنڈا رہےگا۔
گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید بارشوں، برفباری اور تیز ہواؤں کے باعث شہری گھروں میں محصور تھے تاہم آج موسم کی بہتری کے بعد معمولاتِ زندگی بحال ہو گئے ہیں۔ بازاروں میں رونقیں لوٹ آئی ہیں دکانداروں کے کاروبار میں تیزی دیکھی جا رہی ہے جبکہ شہری دھوپ سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔
کشمیر بھر میں آئندہ دنوں کا موسم کیسا رہے گا؟
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں تک آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسم مجموعی طور پر خشک اور خوشگوار رہے گا تاہم کہیں کہیں ہلکے بادل چھا سکتے ہیں۔ فی الحال کسی قسم کی بارش یا برفباری کا امکان نہیں ہے لیکن ہلکی اور متغیر ہوائیں چلتی رہیں گی اور بعض بلند مقامات پر ہلکی دھند چھانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کا موسم کچھ اس طرح رہے گا:
نیلم ویلی: کھلی دھوپ کے ساتھ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 8°C رہے گاجبکہ رات کو جزوی طور پر بادل رہیں گے اور درجہ حرارت -4°C تک گرنے کا امکان ہے۔
راولا کوٹ:خوشگوار موسم کے ساتھ دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16°C رہے گاجبکہ رات کو درجہ حرارت 3°C تک گر سکتا ہے۔
باغ: دن کے وقت دھوپ رہے گی، درجہ حرارت 16°C تک پہنچنے کی توقع ہےجبکہ رات کو ہلکے بادل اور درجہ حرارت 3°C تک کم ہو سکتا ہے۔
کوٹلی: موسم مجموعی طور پر صاف ہےمگر کہیں کہیں ہلکی دھند رہے گی، دن میں درجہ حرارت 23°C تک جا سکتا ہےجبکہ رات کو یہ 9°C تک گر سکتا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ہدایت ہے کہ بلند مقامات کے رہائشی اور مسافر احتیاط سے سفر کریں کیونکہ سڑکوں پر حالیہ برفباری کے اثرات باقی ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ رات کے وقت گرم لباس کا استعمال کریں اور طویل سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں۔