راولاکوٹ میں مہنگائی کا طوفان، روزہ دار پریشان – انتظامیہ خاموش

راولاکوٹ :ماہِ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی راولاکوٹ میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہےجس کے باعث عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہر دکاندار اپنی مرضی کے ریٹ وصول کر رہا ہے جبکہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے والے ادارے تاحال غیرفعال نظر آ رہے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر چیک اینڈ بیلنس کا نظام سخت کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

راولاکوٹ میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سبزی، پھل، گوشت اور دیگر اشیاء کے نرخ آسمان کو چھو رہے ہیں جبکہ ہر دکاندار اپنی من مانی قیمتیں وصول کر رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے شکایتی سیل تو قائم کر دیے گئے ہیں مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں اور یہ کہ انتظامیہ صرف بیانات کی حد تک محدود ہےجبکہ مارکیٹ میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔

ایک شہری نے شکایت کرتے ہوئے کہا، “رمضان میں تو حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہیے مگر یہاں تو ہر چیز کی قیمت دگنی ہو چکی ہے۔ آٹا بلیک میں بک رہا ہے حقدار کو مل نہیں رہا، سبزی، پھل
غرض ہر چیزکے نرخ اتنے زیادہ ہیں کہ عام آدمی کے لیے روزہ رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور ناجائز منافع خوری کو روکے تاکہ عام آدمی کو بھی ریلیف ملے۔

Scroll to Top