بنوں کینٹ حملہ: وزیراعظم آزاد کشمیر کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے بنوں کینٹ میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس حملے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کو پوری قوم مسترد کرتی ہے خاص طور پر ماہ صیام جیسے مقدس مہینے میں ایسی کارروائیاں کرنے والے مسلمان کہلانے کے لائق نہیں ساتھ ہی انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ حملہ ناکام بنانے پر افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے اور ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

Scroll to Top