چیمپئنز ٹرافی،دوسرا سیمی فائنل آج لاہور میں ہوگا، شائقین کو مفت افطاری کرانے کا اعلان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل آج لاہور میں کھیلا جائیگاجس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم   لاہور کے مقام پر نبرد آزما ہوں گی ۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مایہ ناز سپنر مچل سینٹنر لیڈ کریں گے جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم مایہ ناز بلے باز ٹیمبا باووما کی زیر قیادت میدان میں اتریگی،پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کو مفت افطار کروانے کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق آج 5 مارچ بروز بدھ کو لاہور میں شیڈول سیمی فائنل میچ کے دوران سٹیڈیم پہنچنے والے شائقین کرکٹ کو افطار دیا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق سٹیڈیم پہنچنے والے شائقین کرکٹ ٹکٹ دکھا کر کھجور، جوس اور مِنی پیزا پر مشتمل افطاری باکس حاصل کر سکیں گے۔اس کے علاوہ شائقین کو سٹیڈیم کے اندر فوڈ سٹالز سے کھانے پینے کی دیگر اشیا خریدنے کی سہولت بھی میسر ہو گی۔

ادھر جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل دیکھنے کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا لاہور پہنچ گئے ہیں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق راجیو شکلا فیملی کے ہمراہ لاہور پہنچے،رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشین کرکٹ بورڈ کے سربراہان بھی آج لاہور میں میچ دیکھیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا سے نجی ہوٹل میں قومی کرکٹرز نے بھی ملاقات کی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کرنے والوں میں قومی کرکٹرز شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان شامل ہیں۔

 

Scroll to Top