عباس پور میں بڑی بغاوت!محکمہ برقیات کا دفتر عوام کے کنٹرول میں آ گیا

عباس پور: عوامی غصہ عروج پر پہنچ گیا جب عباسپور ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کی قیادت میں شہریوں نے محکمہ برقیات کے دفتر پر قبضہ کر لیا۔ دفتر کے تمام ملازمین غائب ہو گئے جبکہ سردار حیات خان نےآفیسر کی کرسی پر بیٹھ کر عوامی کنٹرول کا اعلان کر دیا۔

عباس پور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور ناقص سروس کے خلاف عوام کا صبر جواب دے گیا۔ شہریوں نے ایکشن لیتے ہوئے محکمہ برقیات کے دفتر کا گھیراؤ کیا اور بعد ازاں دفتر پر قبضہ کر لیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسلسل احتجاج اور مطالبات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی تھی جس کے بعد عوام نے مجبور ہو کر یہ اقدام اٹھایا۔

مزید برآں عوامی احتجاج کے دوران محکمہ برقیات کے ملازمین دفتر چھوڑ کر غائب ہو گئےجس کے بعد ایکشن کمیٹی کے رہنما سردار حیات خان نے آفیسر کی کرسی پر بیٹھ کر واضح کیا کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے دفتر پر عوامی کنٹرول برقرار رہے گا۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اورغیر ضروری لوڈشیڈنگ ختم کی جائے بصورت دیگر احتجاج مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

Scroll to Top