عبدالقیوم

پی ٹی آئی آزاد کشمیر عمران خان کی رہائی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی ، صدر عبدالقیوم نیازی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)مظفر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام عمران خان کی رہائی کیلئےچلائی جانے والی اسٹریٹ موومنٹ کمپین کے سلسلے میں ایک بڑا جلسہ منعقد ہوا، جس سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی نے خطاب کیا ۔

عبدالقیوم نیازی نے پنے خطاب میں کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل تمام جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے اور اگر ان مطالبات کی منظوری کیلئے کسی قسم کی قانون سازی درکار ہو تو وہ بھی کی جائے ۔

انہوں نے اعلان کیاکہ عمران خان کی رہائی کیلئے مرکزی قیادت کی جانب سے دی جانے والی ہر کال پر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر بھرپور انداز میں اپنا کردار ادا کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو اسے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، اور ایسی صورت میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال جیسے معاملات کو بھی پسِ پشت ڈال دیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انتخابی نشان چھیننے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کرینگے،عبدالقیوم نیازی

انہوں نے عمران خان کے سیاسی مؤقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دراصل “ایبسولیٹلی ناٹ” اور “ہم کسی کے غلام نہیں” جیسے جرات مندانہ بیانیے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

ان کے مطابق باقی لوگ اس مؤقف کو سمجھنے کے بجائے مختلف رویے اختیار کیے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد مسلم رہنما ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر کشمیری عوام کی مؤثر آواز بلند کی ہے ۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ جب بھی مرکزی قیادت کی جانب سے عمران خان کی رہائی کیلئےکسی ریلی یا جلسے کی کال دی گئی تو پاکستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے تمام اہم پل یا تو بند کیے جائیں گے یا انہیں عبور کیا جائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کبھی اشتعال انگیزی یا گالی گلوچ کی سیاست نہیں سکھائی ۔ ان کے مطابق جس دن اسلام آباد میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر مذاکرات جاری تھے، اسی روز لیاقت باغ میں پی ٹی آئی کا جلسہ طے تھا، تاہم عمران خان نے ملک کے وقار کی خاطر وہ جلسہ ملتوی کر دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کی شفافیت کیلئے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن ناگزیز ، عبدالقیوم نیازی

جلسے میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل میرعتیق الرحمان، ضلعی صدر اظہر گیلانی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔

Scroll to Top