خیبر : سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع خیبر میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے ۔
مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 21 اپریل کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا ، جس کا مقصد علاقے میں موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا تھا ۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 22 دہشت گرد مارے گئے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یکمچ ، سکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں بڑا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے گرفتاری کے خوف سے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ اسی فائرنگ کے نتیجے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا ۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ عناصر علاقے میں مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے اور امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دالبندین کے قریب این 40میں فتنہ الہندوستان کی ناکہ لگانے کی کوشش ناکام ، 7 دہشت گرد جہنم واصل
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں موجود کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد عنصر کے خاتمے کیلئے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ مکمل طور پر امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی تخریبی عنصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔




