آزادکشمیر،شدید بارشیں وبرفباری، متعدد سڑکیں بند، سیاحوں کو انتباہ جاری

مظفر آباد، نیلم ،جہلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی ( نمائندگان کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر بھر میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث متعدد شاہراہیں بند ہو گئی ہیں جبکہ سردی کی شدت بڑھنے پر عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندگان کے مطابق بالائی نیلم اور وادی لیپہ کا مظفر آباد سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، باغ، راولاکوٹ اور حویلی کی متعدد شاہراہیں بھی بند ہو گئیں ،سیاحوں کو سفر سے گریز کرنے کا انتباہ جاری کردیا گیا۔

ریاستی دارالحکومت کو وادی لیپہ اور وادی نیلم سے ملانے والی شاہراہ نیلم کئی مقامات سے بند ہو گئی۔ مظفرآباد نوسیری روڈدھنی واٹر فال سے بوجہ لینڈ سلائیڈنگ بند ہو گئی ہے۔

شاردا میں 2فٹ برف سرگن اور کیل میں 3فٹ جبکہ گریس میں 5فٹ برف، آٹھمقام میں 6انچ برف باری ہوئی۔

باغ کی شاہراہ لسڈنہ محمود گلی ، پونچھ کو جانے والی شاہراہ محمود گلی عباس پور روڈ بند، تولی پیر لسڈنہ ٹریک بھی شدید برفباری کے باعث بند ہوگئی۔حویلی کی یونین کونسل بھیڈی کی شاہراہ بند ہونے سے بھیڈی کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے ایک بار پھر رابطہ منقطع ہو گیا۔

ریشیاں میں ایک فٹ، شیر گلی پاس پر دو فٹ، نوکوٹ میں ایک فٹ، لیپہ میں آٹھ انچ اور موجی میں چھ انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریشیاں لیپہ روڈ بھی بند ہو گئی۔

انتظامیہ کی بار بار وارننگ کے باوجود 5 گاڑیاں موجی سے ریشیاں کی طرف روانہ ہوئیںجو برف میں پھنس گئیں۔ تمام 20 مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، گاڑیاں وہاں ہی چھوڑی گئیں۔

محکمہ شاہرات کے مطابق مسلسل برفباری اور برفانی تودے گرنے سے راستے بند ہیں اور فوری بحالی ممکن نہیں۔ موسم بہتر ہوتے ہی سڑکوں کو کھولنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

محکمہ شاہرات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آزادکشمیر ، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی پنجاب ،مری ، گلیات، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ انتظامیہ نے موسم کی سختی دیکھتے ہوئے سکول بند کردیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وادیٔ لیپہ میں شدید برفباری، ریشیاں-لیپہ روڈ بند، مسافر بحفاظت ریسکیو

 

Scroll to Top