اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی ضلعی سطح پر تنظیم سازی کیلئے قائم کمیٹیوں پر پارٹی رہنمائوں کے تحفظات پر نئے لوگوں کو شامل کرلیا گیا ہے۔سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور وضاحت بھی دینا پڑ گئی۔
خواتین ونگ کی تنظیم سازی کیلئے6 رکنی کمیٹی بھی تشکیل، پیپلزیوتھ آرگنائزیشن کی تنظیم سازی کیلئے تشکیل کمیٹی میں 3 نئے لوگوں کو شامل کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے 10اضلاع کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کا اعلان کیا تھا، فارورڈ کہوٹہ حویلی سے فیصل راٹھورپر مشتمل ایک رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس پر خواجہ طارق سعید نے اعتراض کیا۔
پیپلزپارٹی کی قیادت نے 4 ضلاع میں کمیٹیوں میں تبدیلی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جا ری کردیئے۔ضلع حویلی سےممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید کو بطورِ ممبر شامل کیا گیا ۔
ضلع کوٹلی کی 5 رکنی کمیٹی کو بڑھا کر 12 رکنی کر دیا گیا ہے ،نئےشامل ہونیوالے ممبران میں قیوم قمر، آفتاب انجم ، ملک یوسف، چوہدری محبوب ، اصغر بنگالوی ، ماجد رزاق اور چوہدری مشتاق شامل ہیں۔
میرپور کی کمیٹی میں چوہدری اشرف اور چوہدری معیزمجید کو بھی شامل کرلیا گیا، پونچھ سے دلاور بخاری کو کمیٹی میں شامل کیا گیا۔
پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی کمیٹی میں بازل نقوی، خالد چغتائی اور راجہ یاسین بھی شامل
اسی طرح پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی کمیٹی 6 ممبران پر مشتمل تھی جسے اب بڑھا کر 9 رکنی کر دیا گیا ہے۔سید بازل علی نقوی ، سردار خالد محمود چغتائی اور راجہ یاسین کو شامل کیا گیا ۔
خواتین ونگ کی تنظیم سازی کیلئے6 رکنی کمیٹی تشکیل
خواتین ونگ کی تنظیم سازی کیلئے6 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں محترمہ نبیلہ ایوب، محترمہ صدف شیخ ، محترمہ شازیہ اکبر،محترمہ شاہین ڈار، امحترمہ فراد شہزادی اور محترمہ شگفتہ نورین کاظمی شامل ہیں۔
پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کی خواہش پوری نہیں ہوسکتی، فیصل راٹھور
قبل ازیں پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے جنرل سیکرٹری فیصل ممتاز راٹھور نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آرگنائزنگ کمیٹیز کے قیام اور ناموں کا فیصلہ پارٹی کے کراچی اجلاس میں ہوا تھا۔
اجلاس میں طے ہوا تھا کہ ایم ایل ایز اور ٹکٹ ہولڈرز ہی ممبرز ہونگے، باغ سے سردار قمرالزمان نےخود اپنی جگہ دیگر نامزدگی کی تجویز دی جس پر مبشر اعجاز خان ممبر بنے۔
مظفرآباد شہر کے حلقہ میں اختلاف رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے 2ممبرز لئے گئے، میری ذاتی خواہش تھی کہ حویلی سے خواجہ طارق سعید ممبر ہوں لیکن پالیسی کے تحت مجھے ممبر بننا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عہدے سے فارغ ہونے والے کسی عزیز کی مشاورت کی معصوم خواہش پوری کرنا ممکن نہیں ہے۔
قبل ازیں پیپلزپارٹی کے مرکزی نائب صدر خواجہ طارق سعید اور معزول چیئرمین پیپلز یوتھ آرگنائزیشن آزاد کشمیر سردار ببرک شریف نے فیصل راٹھور پر نظر انداز کرنے اور بدنیتی کا الزام لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی ضلع سطح پر تنظیم سازی کیلئے کمیٹیاں قائم