عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد میں تاخیر ، بلدیاتی نمائندگان کی پھر لانگ مارچ کی دھمکی

راولاکوٹ ( کشمیر ڈیجیٹل)چیئرمین ضلع کونسل پونچھ وفوکل پرسن بلدیاتی نمائندگان سردار جاوید شریف نے کہا ہے کہ حکومت فوری عدالت العالیہ کے فیصلے پر عمل کرے، بلدیاتی نمائندوں کو فنڈ جاری، اسمبلی کا اجلاس بلا کر فوراً قانون سازی کی جائے۔

حکومت نے عدالتی فیصلے سے روگردانی کی تو اسمبلی گھیراؤ سمیت دیگر آپشن استعمال کرنے سے گریز نہیں کریں گے، کسی بھی وقت مظفرآباد کی طرف لانگ مارچ کی کال بھی دی جا سکتی ہے۔

سردار جاوید شریف ایڈووکیٹ نے بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے بعد کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بلدیاتی نمائندگان نے حکومت کو ہائیکورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کی یادہانی کیلئے آج ریاست گیر پریس کانفرنسوں کا انعقاد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے کئی بار مذاکرات ہوئے،کچھ مطالبات منظور ہوئے جس کے بعد اجلاس ملتوی کیا گیا، اب امکان ہے کہ حکومت ہائی کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنے کے بجائے کوئی نئی ترمیم لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13ویں ترمیم کے بعد اے جے کے لوکل باڈیز کو مضبوط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی حکومت سے بات کرنے کو تیار ہیں اور حکومت چالیں کھیل رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر 4ارب روپے کے فنڈز جاری کرے کیونکہ یہ فنڈز جون تک خرچ ہونے ہیں۔ فنڈز کے اجراء میں تاخیر کرپشن کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے مطالبات آئین اور قانون کے مطابق ہیں، ہائی کورٹ نے بھی ان کے موقف کی تائید کی ہے۔ہم نے اسمبلی کے محاصرے کی کال ملتوی کی تھی، منسوخ نہیں کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ کا حتمی لائحہ عمل جلد دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ایل ایز بلدیاتی اداروں کی بحالی میں رکاوٹ ،احتساب کے نام پر اداروں کی بھرمارمگر کارکردگی صفر، ارشد خان نیازی

Scroll to Top