علامہ اقبالؒ کا پیغام منصفانہ اور مستحکم نظام کی رہنمائی کرتا ہے: صدر و وزیراعظم

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کو ان کی برسی کے موقع پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کا تصورِ سماجی انصاف اور خود کفیل پاکستان کے قیام کے لیے آج بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق اقبالؒ کی فکر ایک منصفانہ، انسان دوست اور مستحکم معاشرے کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ صدر مملکت نے واضح کیا کہ حکیم الامت کے افکار پر عمل درآمد کر کے ہی ہم ایک مضبوط ریاست بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کی 88ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پوری قوم کی جانب سے علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق علامہ اقبالؒ مسلمانانِ برصغیر کے محسن اور ایک عظیم فکری رہنما تھے، جنہوں نے خودی، عمل، ایمان اور فکری آزادی کا پیغام دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار نے غلامی کی زنجیروں میں جکڑی قوم کو بیداری اور خودمختاری کا شعور دیا، اور آج بھی ان کا پیغام غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ نے محبت، اخوت اور بیداریِ ملت کو مقصدِ حیات قرار دیا تھا۔ ان کے نظریات کی روشنی میں اتحاد، علم اور فکری ترقی ہی پاکستان کا اصل مستقبل ہیں۔

مزید پڑھیں: کن صارفین کی موبائل سمز کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہیں؟پی ٹی اے کا انتباہ

Scroll to Top