مظفرآباد: سابق صدر تنظیم فاریسٹ گارڈ ایسوسی ایشن آزاد کشمیر راجہ طاہر مجید نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور بیوروکریسی غریب عوام کے روزگار سے کھیلنا بند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جو بھی وعدے کرتے ہیں وہ محض زبانی جمع خرچ ثابت ہوتے ہیں کیونکہ ان پر عملدرآمد کرانے میں وہ مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
راجہ طاہر مجید نے ضلعی انتظامیہ کے حالیہ اقدامات کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ریڑھی بانوں کو بے دخل کرنا نہ صرف غریبوں کے ساتھ زیادتی ہے بلکہ ان کے خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس وقت اپنی ہی بیوروکریسی کے حصار میں قید ہوچکے ہیں اور عام آدمی کی مشکلات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔