مظفرآباد :شدید بارش، ٹھنڈ اور موسمی سختیوں کے باوجود مظفرآباد کے صفائی ورکرز اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہیں ، تنخواہوں سے محروم یہ محنت کش بغیر کسی حفاظتی کٹ اور سہولیات کے شہر کی صفائی میں مصروف ہیں جبکہ متعلقہ ادارے ان کے حقوق کی ادائیگی میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں صفائی کا نظام سنبھالنے والے یہ ورکرز چھ چھ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں مگر اس کے باوجود وہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ شدید بارش کے دوران بھی اگر کوئی طبقہ بلا تعطل اپنے فرائض ادا کر رہا ہے تو وہ یہی سینیٹری ورکرز ہیں جو انتہائی مشکل حالات میں شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
ورکرز کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے نہ تو حفاظتی لباس فراہم کیا جاتا ہے اور نہ ہی بارش سے بچاؤ کے لیے کوئی بندوبست کیا گیا ہے لیکن ان کے پاس کام کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دیں اور فوری طور پر تنخواہیں جاری کی جائیں تاکہ وہ اپنے گھروں کا چولہا جلا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے پاس کوئی پالیسی نہیں، عوام کو بھی نہیں معلوم کہ وہ کس کو چن رہے ہیں: سینئر صحافی راجہ اعجاز
شہریوں نے بھی ان ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بنیادی سہولیات اور بروقت تنخواہوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ بھی ایک باعزت زندگی گزار سکیں۔