مظفرآباد: سینئر صحافی راجہ اعجاز نے ایک انٹرویو میں آزاد کشمیر کی سیاست اور طرزِ حکمرانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے پاس کوئی واضح پالیسی موجود نہیں جس کی وجہ سے حکومتی نظام غیر مستحکم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اپنی مخصوص پالیسیوں کے تحت چلتے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں ایسا کوئی پلان موجود نہیں۔ یہاں تک کہ جب کوئی ایگزیکٹو عہدے پر آتا ہے تو اس کے پاس بھی کوئی واضح حکمت عملی نہیں ہوتی کہ ملک کو کس سمت میں لے کر جانا ہے۔
راجہ اعجاز نے آزاد کشمیر کی عوام پر بھی سوال اٹھایا کہ وہ پالیسی پتا کیے بغیر اپنے حکمرانوں کا انتخاب کرتے ہیں جس کے نتیجے میں ریاستی نظام کمزور پڑ رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کو ہی معلوم نہ ہو کہ وہ کسے اور کیوں منتخب کر رہے ہیں تو اس کا نقصان پورے حکومتی نظام کو ہوتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر آزاد کشمیر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو نہ صرف قیادت کو ایک واضح پالیسی اپنانا ہوگی بلکہ عوام کو بھی اپنے فیصلوں میں شعور پیدا کرنا ہوگا تاکہ ریاست میں ایک مضبوط اور مستحکم حکومت قائم ہو سکے۔