آزاد کشمیر کی سیاست کو بڑا خطرہ، عوامی ایکشن کمیٹی کے بائیکاٹ سے شدید سیاسی بحران پیدا ہو سکتا ہے: نوجوان سیاستدان تیمور بیگ

مظفرآباد: پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نوجوان سیاستدان اور سیاسی کارکن تیمور بیگ نے خبردار کیا ہے کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا تو آزاد کشمیر کی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان ا ٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو اس صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیےورنہ اس کا نقصان صرف اور صرف سیاست کو ہوگا۔

تیمور بیگ کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی اگر انٹرنیٹ بحران کے باعث انتخابات کے بائیکاٹ کی کال دیتی ہے تو یہ ایک بڑا سیاسی بحران پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے اپیل کی ہےکہ وہ اس معاملے پر فوری توجہ دیں اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے مل بیٹھ کر فیصلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو عوام کے درمیان جا کر ان کے مسائل سننے چاہئیں اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت عوامی ایکشن کمیٹی کی طرز پر کام کرنا چاہیے تاکہ عوامی مسائل کا بروقت حل نکالا جا سکے۔ تیمور بیگ نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی قیادت نے اس معاملے کو نظر انداز کیا تو اس کا نقصان صرف سیاست کو ہوگا اور عوام مزید عدم اعتماد کا شکار ہو جائیں گے۔

تیمور بیگ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں موجود قیادت کو روایتی سیاست سے ہٹ کر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی ایکشن کمیٹی کی کال کے نتیجے میں ایک سنگین بحران جنم لے سکتا ہے جس کا خمیازہ پوری سیاسی قیادت کو بھگتنا پڑے گا۔

Scroll to Top