وزیر اعظم

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف دہرا عہدہ کیس، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ!

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز کے خلاف بیک وقت دو عہدے رکھنے کے معاملے پر قانونی شکنجہ کسنا شروع ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر نے اس حوالے سے دائر درخواست کی ابتدائی سماعت مکمل کرنے کے بعد اسے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل اور دیگر ممبران پر مشتمل بینچ نے درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں اور ان سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن آزاد کشمیر: حلقہ بندیوں پر اعتراضات کا شیڈول جاری

یہ درخواست معروف وکیل سردار زاہد مصدق کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ راجہ فیصل ممتاز ایک جانب ریاست کے وزیراعظم کے طور پر آئینی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، تو دوسری جانب وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔ پیٹیشن میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 13(1)(3) کے تحت وزیراعظم ایک آئینی عہدہ ہے، لہٰذا کسی سیاسی جماعت کا عہدہ ساتھ رکھنا مفادات کے ٹکراؤ اور حلف کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹسز کے بعد اب اس کیس میں مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: خواجہ طارق سعید وزیراعظم فیصل راٹھور کیلئے چیلنج بن گئے،مشکلات میں اضافہ