بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد عجیب و غریب واقعہ اُس وقت پیش آیا جب چوری کی نیت سے کلینک میں داخل ہونے والا ایک شخص خود ہی مصیبت میں پھنس گیا ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چور شٹر اور دیوار کے درمیان تنگ جگہ میں اس بُری طرح پھنس گیا کہ نہ آگے بڑھ سکا اور نہ پیچھے ہٹ سکا، جس کے بعد اسے بچانے کیلئے ریسکیو ٹیم کو طلب کرنا پڑا ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں رات گئے ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک چور نے دل کے امراض کے ماہر کے کلینک میں چوری کی کوشش کی، مگر اس کی یہ کوشش اس کے لیے دردِ سر بن گئی ۔
اطلاعات کے مطابق ملزم نے کلینک میں داخل ہونے کے لیے چھت کے راستے آنے کے بعد شٹر اور دیوار کے درمیان موجود ایک نہایت تنگ جگہ سے اندر گھسنے کی کوشش کی ۔
تاہم یہ فیصلہ اس کے لیے مہنگا ثابت ہوا کیونکہ اسی دوران اس کی گردن بری طرح اس جگہ میں پھنس گئی۔ چور ایسی حالت میں پھنس گیا کہ نہ وہ اندر جا سکتا تھا اور نہ ہی باہر نکلنے کے قابل رہا ۔
In Ghaziabad, Uttar Pradesh, a thief got his neck stuck in a clinic's metal rolling shutter while breaking in last night. He hung there until afternoon, when firefighters rescued him using a ladder. pic.twitter.com/YnmrZT4IrO
— Ghar Ke Kalesh (@gharkekalesh) April 11, 2026
کافی دیر تک خود کو چھڑانے کی ناکام کوششوں کے بعد جب اسے اندازہ ہوا کہ وہ اکیلا نہیں نکل سکے گا تو اس نے مدد کے لیے شور مچانا شروع کر دیا اور شٹر پر زور زور سے لاتیں ماریں ۔
آواز سن کر مقامی لوگ موقع پر جمع ہو گئے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریسکیو ٹیم کو طلب کیا ۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے کئی گھنٹوں کی محنت اور خصوصی آلات کی مدد سے شٹر کے کچھ حصے کو کاٹ کر ملزم کو بحفاظت باہر نکالا ۔
بعد ازاں پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا ۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں ۔




