سینئر وزیر پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مثبت نتائج سے نہ صرف خطے میں استحکام بڑھے گا بلکہ عالمی سطح پر امن کے قیام میں بھی مدد ملے گی ۔
انہوں نے ان مذاکرات کو ایک تاریخی اور اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ سنجیدہ اور تسلسل کے ساتھ کی جانے والی سفارت کاری ہی دیرپا امن کی ضمانت ہوتی ہے ۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی ذمہ دارانہ حیثیت کو مؤثر انداز میں پیش کیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل محض وقتی نہیں بلکہ ایک مسلسل پالیسی کا حصہ ہے جو ملک کی سنجیدگی اور مستقل مزاجی کو ظاہر کرتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے اپنا سہولت کاری کا کردار مستقبل میں بھی جاری رکھے گا، اسحاق ڈار
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دوران پاکستان نے بہترین میزبانی کا مظاہرہ کیا، جسے عالمی مہمانوں نے بھی سراہا ۔
حالیہ دنوں میں کیے گئے انتظامات نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت تھے بلکہ پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کی عکاسی بھی کرتے ہیں ۔
ان کے مطابق، پاکستان نے اس عمل کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اہم سفارتی مواقع کو ذمہ داری اور وقار کے ساتھ سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان مذاکرات سے پاکستان کی عالمی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور یہ واضح ہوا ہے کہ ملک ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز اور جوہری پروگرام پر ڈیڈ لاک: ایرانی وزارتِ خارجہ نے مذاکرات کی ناکامی کی وجوہات بتا دیں
انہوں نے اسے پوری قوم کے لیے باعثِ فخر لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل قابل اور دور اندیش قیادت کے ہاتھوں میں محفوظ ہے ۔




