ٹائم آؤٹ کے سالانہ سروے میں 2026 کے لیے دنیا کے 50 بہترین شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس جامع درجہ بندی کے لیے دنیا بھر کے ہزاروں مقامی رہائشیوں اور ماہرین کی رائے کو مدنظر رکھا گیا۔ کسی شہر کو “بہترین” قرار دینے کے لیے وہاں کے معیارِ زندگی، خوراک کی قیمتوں، ثقافت، سماجی ہم آہنگی، اور سرسبز مقامات تک رسائی جیسے کلیدی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حیران کن طور پر اس سال کی ٹاپ 10 فہرست میں آدھے شہر ایشیا پیسیفک خطے سے تعلق رکھتے ہیں، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اب سیاحوں کے لیے صرف چکا چوند ہی نہیں بلکہ سستے کھانے اور سماجی سکون بھی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مجتبیٰ خامنہ ای کی منظرِ عام سے طویل غیر حاضری؛ برطانوی میڈیا کابڑادعویٰ
دنیا کا نمبر 1 شہر: میلبرن، آسٹریلیا
آسٹریلیا کے شہر میلبرن نے اس سال پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اپنے بہترین پکوانوں اور بھرپور ثقافت کی وجہ سے اسے آسٹریلیا کا ‘ثقافتی دارالحکومت’ کہا جاتا ہے۔ اس شہر میں دنیا کی سب سے زیادہ پرکشش گلی (Coolest Street) بھی واقع ہے، جو اسے عالمی سطح پر ممتاز بناتی ہے۔

ایشیا کا بہترین شہر: شنگھائی، چین
چین کا صنعتی مرکز شنگھائی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا، تاہم یہ ایشیا کا سب سے بہترین شہر قرار پایا ہے۔ شنگھائی اپنی گہما گہمی، جدید ثقافت اور شہریوں کے باہمی احترام کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہاں الیکٹرک گاڑیوں کے وسیع استعمال کی وجہ سے اب فضائی اور آواز کی آلودگی کی شرح نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

ٹاپ 10 شہروں کی تفصیل:
03۔ ایڈنبرگ، اسکاٹ لینڈ:
یہ دنیا کے ان چند شہروں میں سے ایک ہے جس کی تاریخ خطے کی اہمیت کی عکاس ہے۔ اس کے پرانے علاقوں کی قدیم گلیاں اور جدید حصوں کی جدت کا امتزاج اسے ایک خاص مقام دیتا ہے۔

04۔ لندن، برطانیہ:
برطانیہ کا دارالحکومت کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ یہ دنیا کے ممتاز تجارتی، معاشی اور ثقافتی مراکز میں سے ایک ہے جہاں ہر سال سب سے زیادہ سیاح رخ کرتے ہیں۔

05۔ نیویارک، امریکا:
“کبھی نہ سونے والا شہر” کہلانے والا نیویارک اپنی کثیر الثقافتی پہچان رکھتا ہے۔ یہاں دنیا کے ہر حصے کے باسی آباد ہیں، جس کی وجہ سے سیاحوں کو یہاں اجنبیت محسوس نہیں ہوتی۔

06۔ کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ:
سروے میں ہر فرد نے اس شہر کو خوبصورت قرار دیا۔ یہ ساحلی علاقوں، شہری زندگی اور پہاڑی مناظر کا حسین امتزاج ہے، جبکہ اس کی ثقافتی زندگی نے اسے چھٹی پوزیشن دلائی۔

07۔ میکسیکو سٹی، میکسیکو:
میکسیکو کا یہ ثقافتی مرکز اپنے ذائقہ دار پکوانوں، بہترین موسم اور سستے طرزِ زندگی کی بدولت فہرست میں ساتویں نمبر پر پہنچنے میں کامیاب رہا۔

08۔ بینکاک، تھائی لینڈ:
“مسکراہٹوں کی سرزمین” کے نام سے مشہور یہ شہر دنیا کے دوستانہ ترین شہروں میں سے ایک ہے۔ یہاں کی جدید و قدیم عمارات، باغات اور پکوان اسے خاص بناتے ہیں۔

09۔ سیئول، جنوبی کوریا:
جنوبی کوریا کا دارالحکومت اپنی تیز رفتار زندگی اور جدید ٹرانسپورٹ کے لیے معروف ہے۔ موسم بہار میں چیری بلوسم اور دیگر موسموں میں مختلف فیسٹیولز اسے سیاحوں کے لیے بہترین بناتے ہیں۔

10۔ ٹوکیو، جاپان:
آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا شہر ٹوکیو اپنی بے پناہ سہولیات اور منظم شہری زندگی کی بدولت اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔





