سعودی عرب کی جانب سے گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام کے لیے 10 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی معروف کمپنی آرامکو پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مل کر یہ میگا پروجیکٹ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
اس بڑے منصوبے میں پاکستان کی صفِ اول کی کمپنیاں پی ایس او، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور جی ایچ پی ایل شامل ہیں۔ ان کمپنیوں کی منصوبے میں 40 سے 45 فیصد تک شراکت کا امکان ہے۔ اس شراکت داری سے ملک کے توانائی کے شعبے میں بڑی تبدیلی آنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز اور جوہری پروگرام پر ڈیڈ لاک: ایرانی وزارتِ خارجہ نے مذاکرات کی ناکامی کی وجوہات بتا دیں
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس مجوزہ آئل ریفائنری کی یومیہ پیداواری صلاحیت 4 لاکھ بیرل تک ہو سکتی ہے۔ منصوبے کو پرکشش بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اسے 20 سالہ ٹیکس چھوٹ دیے جانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ اگر یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچتا ہے تو اس سے نہ صرف ملکی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔




