اداکارہ عائشہ عمر کی پیشکش فلم ’میرا لیاری‘ کو یوکے ایشین فلم فیسٹیول کے 28ویں ایڈیشن میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس فلم کی نمائش فیسٹیول میں 2 مئی کو ہوگی۔ فلم کی کہانی لیاری کے سپورٹس کلچر، مقامی تہذیب اور خواتین کی خودمختاری کے گرد گھومتی ہے جو اس علاقے کی ایک مختلف اور مثبت تصویر پیش کرتی ہے۔
یہ فلم ابتدا میں ’بہناز‘ کے نام سے پیش کی جانی تھی تاہم بھارتی پروپیگنڈا فلم ’دھریندر‘ کی ریلیز کے بعد اس کا نام تبدیل کر کے ’میرا لیاری‘ رکھ دیا گیا۔ نام کی تبدیلی کے بعد یہ فلم خاصی خبروں میں رہی۔ سندھ حکومت نے ڈائریکٹر ابو علیحہ کی اس فلم کو پاکستان مخالف بھارتی فلم کا منہ توڑ جواب قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دیدار ریشم تنازع: عظمیٰ بخاری کی مداخلت پر دیدار کا ریشم سے معافی مانگنے سے انکار
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے جنوری میں اس فلم کی ملک بھر میں ریلیز کا عندیہ دیا تھا، تاہم اس وقت یہ ممکن نہ ہو سکا۔ اب ’میرا لیاری‘ 8 مئی کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کے ذریعے معروف سوشل میڈیا اسٹار دنا نیر مبین فلمی دنیا میں قدم رکھ رہی ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں نئیر اعجاز، سمیعہ ممتاز اور عدنان شاہ سمیت کئی نامور اداکار شامل ہیں۔
فلم میں عائشہ عمر نے نہ صرف اداکاری کی ہے بلکہ وہ بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ عائشہ عمر نے سال 2024 میں اپنی فلم ’ٹکسالی گیٹ‘ سے بطور پروڈیوسر فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
یاد رہے کہ 2022 میں ڈائریکٹر ابو علیحہ اپنی فلم ’جاوید اقبال‘ کے لیے اسی فیسٹیول میں بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ اسی فلم میں اداکار یاسر حسین نے مرکزی کردار نبھانے پر بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔




