لاہور (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم ویلی کے رہنما اور سابق امیدوار ممبر ضلع کونسل چوہدری محمد عمران نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کی متوازن، مؤثر اور ذمہ دار سفارتکاری کے باعث دنیا کو ایک بڑے بحران اور ممکنہ تیسری عالمی جنگ کے خطرے سے واپس لانا ایک تاریخی اور قابلِ تحسین سفارتی کامیابی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن کے قیام کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے اور حالیہ صورتحال میں بھی پاکستانی قیادت نے نہایت دانشمندی، بردباری اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے رکھے ۔
ان کے مطابق پاکستان نے کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور سفارتی حل کو ترجیح دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک ذمہ دار ریاست ہے جو جنگ نہیں بلکہ امن کی حامی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سماہنی،جنڈالہ گھریلو تنازعہ ، خاتون جاں بحق، 4 نامزد ملزمان گرفتار
چوہدری محمد عمران نے کہا کہ اس اہم پیش رفت میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا کردار قابلِ ستائش ہے جنہوں نے بروقت اور دانشمندانہ فیصلوں کے ذریعے نہ صرف خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا ۔
انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس سفارتی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی یہ سفارتی حکمت عملی عالمی برادری کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ بات چیت اور تعاون ہی دیرپا امن کا واحد راستہ ہے ۔ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف پاکستان کا عالمی وقار مزید بلند ہوا ہے بلکہ اسے ایک امن پسند، ذمہ دار اور باوقار ریاست کے طور پر مزید مضبوط شناخت ملی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین کشمیر کی انتخابی فہرستوں کی تکمیل کیلئے کمیٹیاں تشکیل
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان آئندہ بھی عالمی سطح پر امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گا ۔




