رمضان المبارک کے آغاز پر مظفرآباد کی سبزی منڈی اور ملحقہ علاقوں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں اور دکانداروں کے درمیان تنازعات دیکھنے میں آئے ہیں۔ کئی مقامات پر ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ نرخ نامے پر عمل درآمد ہو رہا ہے توبعض جگہوں پر شہریوں نے انتظامیہ اور دکانداروں کی شکا یت کی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یکم رمضان سے ہی مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور سبزی و فروٹ فروش من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ ایک شہری نے بتایا کہ سبزی اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اورانتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر حماد بشیر نے اس حوالے سے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ نرخ نامے پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔
دوسری جانب تاجروں کا مؤقف ہے کہ مظفرآباد اور اس کے مضافات میں کوئی سرکاری سبزی یا فروٹ منڈی موجود نہیں ہےجس کی وجہ سے انہیں مانسہرہ اور راولپنڈی سے سبزی اور پھل منگوانا پڑتے ہیں جس میں نقصان کا احتمال بھی ہوتا ہے۔ ایک تاجر نے بتایا کہ “ہم دور دراز سے سبزی اور پھل لا کر فروخت کرتے ہیں اس میں ہمیں نقصان بھی ہوتا ہے، پھر بھی شہری اور انتظامیہ خوش نہیں ہوتے۔”
واضح رہے کہ حکومت نے رمضان کے لیے سستا بازار جیسے اقدامات کا اعلان کر دیا ہے ساتھ ہی رمضان پیکیجز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تا کہ لوگ اس مقدس مہینے میں پریشانی سے بچیں ، خصوصی شکایات سیل بنائے گئے ہیں تا کہ گورنمنٹ کے اقدامات پر سختی سے عمل کروایا جا سکے ساتھ ہی ذمہ دارافسران کو سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں ، عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ان افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔