اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مجوزہ مذاکرات کے لیے سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود پاکستان پہنچنے اور مذاکرات کے آغاز کے لیے تیار ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر ٹیم بھیجی گئی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں، جو اسلام آباد میں ایرانی وفد سے ملاقاتیں کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں، اور اگر اس حوالے سے کوئی معاہدہ طے پاتا ہے تو یہ خطے اور امریکہ دونوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز بھی جلد مکمل طور پر کھول دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مشرقِ وسطٰی میں امن کی نئی امید: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے
دوسری جانب، ایران کا اعلیٰ سطحی وفد پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہو چکے ہیں۔ امریکی وفد میں شامل جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ایرانی قیادت کے ساتھ ان اہم مذاکرات میں حصہ لیں گے جن پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔




