حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کے بعد عوام کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
ٹرانسپورٹ مالکان نے پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کے ثمرات عوام تک پہنچاتے ہوئے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 40 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول پر 100روپے سبسڈی کیسے لی جائے؟ طریقہ کار سامنے آگیا
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے فی الفور 40 روپے کم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مال برداری کی لاگت میں واضح کمی آئے گی جس کا براہِ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ حکومت کے اس اقدام کے بعد ٹرانسپورٹ سیکٹر نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کرایوں میں بڑی کمی کر دی ہے، جس کے بعد اب عوام کو سفر اور اشیاء کی نقل و حمل میں بڑی بچت کی توقع ہے۔




