وزیراعظم

1973 کا آئین قومی اتحاد اور وفاق کی مضبوط علامت ہے ، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1973 کا آئین پاکستان کے وفاق اور قومی یکجہتی کی ایک روشن اور مضبوط علامت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام آئینی اکائیاں قومی ہم آہنگی اور مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئےاپنے آئینی فرائض خوش اسلوبی سے انجام دے رہی ہیں اور پاکستان ترقی و خوشحالی کے سفر میں عالمی سطح پر اپنا وقار بلند کیے ہوئے ہے ۔

یومِ دستور (10 اپریل 2026) کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی منظوری کے دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں ۔

انہوں نے آئین کے معماروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے درمیان ایک مقدس سماجی و قانونی معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق اور ذمہ داریوں کا واضح تعین کرتا ہے ۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اہم ملاقات،ثالثی کی کوششوں پراظہاراطمینان

وزیراعظم نے کہا کہ 10 اپریل 1973 کو متفقہ طور پر منظور کیا جانے والا آئین پاکستان میں پارلیمانی جمہوری نظام کی بنیاد بنا اور ریاستی ڈھانچے کو مضبوط اور منظم انداز میں استوار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 1973 کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے، اور یہ نہ صرف ان حقوق کی وضاحت کرتا ہے بلکہ ان کی فراہمی اور تحفظ کے لیے ایک جامع قانونی فریم ورک بھی فراہم کرتا ہے ۔

پی ایم کے مطابق یہ آئین وفاق پاکستان کی مضبوطی اور قومی اتحاد کی علامت ہے اور ملک کی تمام اکائیاں آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے قومی یکجہتی اور معاشی ترقی کیلئے کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ ہم آہنگی اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم کا مظہر ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے جو مقام اور عزت عطا کی ہے اس پر ہم اس کے شکر گزار ہیں، اور پاکستان اقوامِ عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کرتے ہوئے ترقی اور خوشحالی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ،عوامی ریلیف کے اقدامات کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

واضح رہے کہ پاکستان میں آج یومِ دستور منایا جا رہا ہے کیونکہ 10 اپریل 1973 کو آئین کو حتمی شکل دی گئی تھی جبکہ اسے 14 اگست 1973 کو نافذ العمل کیا گیا تھا ۔

Scroll to Top